تفسیر سورۃ البقرہ سورہ نمبر 2 آیت نمبر 49 , پارہ نمبر 1 پارہ رکوع 06 سورہ رکوع 06

in tafseer •  2 years ago 

سورۃ نمبر 2 البقرة
آیت نمبر 49

أَعـوذُ بِاللہ مِنَ الشَّيْـطانِ الرَّجيـم
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

وَاِذۡ نَجَّيۡنٰکُمۡ مِّنۡ اٰلِ فِرۡعَوۡنَ يَسُوۡمُوۡنَكُمۡ سُوۡٓءَ الۡعَذَابِ يُذَبِّحُوۡنَ اَبۡنَآءَكُمۡ وَيَسۡتَحۡيُوۡنَ نِسَآءَكُمۡ‌ؕ وَفِىۡ ذٰلِكُمۡ بَلَاۤءٌ مِّنۡ رَّبِّكُمۡ عَظِيۡمٌ ۞

20221026_172514.jpg

ترجمہ:
جب ہم نے تم کو آل فرعون سے نجات(1) دی جو تمہیں بدترین عذاب دیتے تھے، تمہارے بیٹوں کو ذبح کردیتے اور تمہاری عورتوں کو زندہ چھوڑ دیتے تھے، اور اس میں تمہارے لۓ تمہارے رب کی طرف سے بڑی آزمائش تھی.

تفسیر:
1....اس آیت کریمہ میں اب بنی اسرائیل پر اللہ کی نعمتوں کی تفصیل بیان کی جا رہی ہے۔ یہاں بھی خطاب اگرچہ یہود مدینہ سے ہے، لیکن مراد ان کے آباء و اجداد ہیں، اور آل فرعون سے مراد : فرعون، اس کا لشکر اور اس کے پیرو کار ہیں۔
اس آیت کا تاریخی پس منظر یہ ہے کہ جب یوسف (علیہ السلام) نے کنعان سے اپنے والدین، بھائیوں اور خویش و اقارب کو مصر بلالیا، تو انہیں بادشاہِ مصر کے حکم سے زرخیز زمین دی، ان میں کثرت سے اولاد ہونے لگی۔ یوسف (علیہ السلام) اور عزیز مصر کے انتقال کے بعد ان کی وقعت تو گھٹ گئی، لیکن افزائش نسل ہوتی رہی۔ آخر کار مصر کا ایک ایسا بادشاہ ہوا جو اسرائیلیوں کی کثرت دیکھ کر ڈر گیا اور اپنی قوم سے کہا کہ بنی اسرائیل ہم سے تعداد میں زیادہ اور شان و شوکت والے ہوگئے، یہ تمہارے لیے خطرے کی گھنٹی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ یہ ہمیں ہماری سرزمین سے بےدخل کردیں، اس لیے اس نے حکم دیا کہ انہیں سخت سے سخت کاموں میں لگا دیا جائے۔ اور قرآن کریم کے ذکر کردہ واقعے کے مطابق اس نے ایک خواب دیکھا جس کی تاویل اسے یہ بتائی گئی کہ بنی اسرائیل میں ایک لڑکا پیدا ہوگا جس کے ذریعہ اس کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا، اس لیے اس نے حکم دیا کہ بنی اسرائیل میں پیدا ہونے والے ہر لڑ کے کو ذبح کردیا جائے، بنی اسرائیل ان پر یشانیوں سے گذرتے رہے، یہاں تک کہ موسیٰ (علیہ السلام) مبعوث ہوئے اور انہیں فرعون کے عذاب سے نجات دلایا.


Posted from https://blurt.one

Authors get paid when people like you upvote their post.
If you enjoyed what you read here, create your account today and start earning FREE BLURT!
Sort Order:  
  ·  2 years ago  ·  


** Your post has been upvoted (1.88 %) **